لاہور (پ ر )وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ٹولہ کورونا پھیلانے کا ذمہ دار ہے۔ عوام کے مسترد شدہ عناصر کے دلوں میں دکھی انساشنیت کیلئے رتی بھر درد نہیں۔اقتدار کی ہوس میں مبتلا ٹولے کی
آنکھوں پر کالی پٹی بندھ چکی ہے اورچوروں کا ٹولہ اپنی منفی سیاست کیلئے عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاہ کرتوں والے پی ڈی ایم کی سیاہ کاریاں عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔ان عناصر نے اپنے ادوار میں کرپشن کرکے اپنے منہ پر کالک ملی اور یہ سیاہ کار آج اپنے کرتوت چھپانے کے لئے پاکستان کی ترقی پر سیاہی ملنا چاہتے ہیں لیکن 22 کروڑ پاکستانی ان لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔اپوزیشن کی ساری جماعتیں الٹی بھی ہو جائیں،پھر بھی سیدھی طرح لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدارکی قیادت میں کرپشن کے کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ کریں گے۔