اسلام آباد(آن لائن) پنجاب اسمبلی کے سپیکر پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے گلے شکوے ختم ہوگئے ہیں۔ مستقبل میں ڈائریکٹ ٹیلیفونک رابطے ہونگے۔ عثمان بزدارنے وزیراعظم تک ہماری تجاویز درست انداز میں نہیں پہنچائیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں
پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ دھرنوں سے لے کر آج تک اتحاد سے رہے اور بہتر انداز میں چل رہے ہیں۔ ہم وزارتوں کے لالچی نہیں ہیں،مونس الٰہی کے لئے کبھی وزارت نہیں مانگی ہے۔ شروع سے طے تھا کہ 2وفاقی اور 2صوبائی وزارتیں ہمیں دیں گے۔ 65 بلز کو ہم نے پاس کر لیا۔ اس کی حکومت میں تمام مشکلات ہم نے حل کی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے ہم نے تمام پہلوؤں پر گفتگو کی۔ عمران خان حیران تھے کہ ہماری کارکردگی کے نتائج ان تک نہیں پہنچ رہے تھے۔ عمران خان نے طے کر لیا ہے کہ آئندہ مستقبل میں ہم ڈائریکٹ ٹیلیفونک رابطے رکھیں گے اور غلط فہمیاں پیدا نہیں ہو نگی۔ پی ٹی آئی اکثریتی جماعت ہے۔ مشاورت سے فیصلے کر لیں گے تو اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ عثمان بزدار کو پہلی مرتبہ میں نے تحصیلدار بنایا تھا۔ ان کے علاقے میں سکول اور سڑکیں تک دی گئیں۔ ان کے لئے جو کچھ کیا اس کا رزلٹ عجیب آیا ہے۔ عثمان بزدار کو جو معیشت کے لئے تجاویز دی تھیں وہ وزیراعظم تک عثمان بزدار نے نہیں پہنچائیں۔ میں جب اسپیکر بنا تو 23اضافی ووٹ میں نے حاصل کئے۔