لندن (این این آئی )برطانیہ کی معروف زمانہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک ایسی ڈیوائس تیار کر لی ہے، جس سے کسی شخص میں کورونا وائرس کے ہونے یا نہ ہونے کا صرف پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں پتا چل جاتا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ بتانے والا طریقہ کار تیار کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک بیان میں مطلع کیا گیا کہ ٹیسٹنگ ڈیوائس کی وسیع پیمانے پر تیاری آئندہ برس کے اوائل سے شروع کی جا سکتی ہے۔ یہ ڈیوائس مختلف وائرسز میں سے فورا کورونا وائرس کی شناخت کر لیتی ہے۔آکسفورڈ کے محکمہ طبیعات سے وابستہ پروفیسر آچیلیز کاپانیڈیس کا کہنا تھا کہ ہمارا طریقہ وائرس کے منجمد ذرات کی فورا شناخت کر لیتا ہے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ ٹیسٹ آسان ہو گا، سستا بھی ہو گا اور اس کا نتیجہ بھی فورا ہی آ جائے گا۔