اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹک ٹاک انتظامیہ نے غیر قانونی مواد کی شیئرنگ روکنے اور پاکستانی قوانین کے مطابق سوشل میڈیا پر مواد کی شیئرنگ کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرادی۔پی ٹی اے کے مطابق گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی اے اور ٹک ٹاک کی اعلیٰ انتظامیہ کے مابین ورچوئل پلیٹ فارم پر میٹنگ ہوئی۔
میٹنگ میں پاکستانی قوانین کے مطابق غیر اخلاقی مواد کو روکنے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے مقامی قوانین کے مطابق ممنوع مواد روکنے کیلئے کی جانے والی کوششوں اور اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔میٹنگ میں قابل اعتراض مواد کو روکنے اور پاکستانی صارفین کو محفوظ مواد فراہم کرنے سے متعلق لائحہ عمل بنانے اور آئندہ رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔پی ٹی اے نے میٹنگ کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں بتایا کہ ٹک ٹاک کی سینئر انتظامیہ نے مقامی قوانین کے مطابق ٹک ٹاک پر مواد کو معتدل بنانے اور پاکستانی قوانین سے مطابقت رکھنے والے مواد کی آن لائن شیئرنگ بارے مستقبل کی حکمت عملی بارے بھی چیئرمین پی ٹی اے کو آگاہ کیا۔یاد رہے کہ پی ٹی اے نے 2 روز قبل چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی تھی۔جس پر ٹک ٹاکرز کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا تھا۔