کراچی(این این آئی)کراچی کے شہری نے 6بیٹیوں کو الیکٹریشن بنا کر لڑکی/ لڑکے کی تفریق ختم کردی۔ تفصیلات کے مطابق، کراچی کے شہری نصیب جمال نے اپنی6 بیٹیوں کو برقی آلات کی مرمت اورالیکٹرک کا کام سکھا کرہنرمندی کے لحاظ سے لڑکوں اور لڑکیوں کی
تفریق ختم کردی۔ اس ضمن میں نصیب جمال نے بتایاکہ معاشرے میں خواتین کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے والدین بچیوں پر بھروسہ کریں اور انھیں تعلیم کے ساتھ ہنر مند بھی بنائیں، ہنر مند بیٹیاں بیٹوں سے بڑھ کر والدین کا فخر ثابت ہوں گی۔قصبہ کالونی میں 20سال سے الیکٹریشن کا کام کرنے والے نصیب جمال نے اپنے عزم و حوصلہ سے معاشرے میں صنفی تفریق اور لڑکیوں کی تعلیم و تربیت سے متعلق فرسودہ سوچ اور خیالات کو شکست دے دی۔نصیب جمال نے کہاکہ اپنی پہلی 2 بیٹیوں کو 4 سے 6 سال کی عمر میں دکان ساتھ لے جانا شروع کیا تو لوگوں نے باتیں بنائیں خود بچیوں کی دادی نے کہا کہ یہ روایت کے خلاف ہے اور بچیوں کا دکان میں بیٹھنا اچھا نہیں لیکن نصیب جمال کے ارادوں میں کوئی کمی نہ آسکی اور انھوں نے بچیوں میں برقی آلات کی مرمت کا شوق پروان چڑھایا۔