اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے معروف مارننگ شو کی میزبان ندایاسر اس وقت شدید تنقید کی زد میں ہیں کیونکہ انہوں نے مروہ کے اہلخانہ کو اپنے پروگرام میں مدعو کیا اور ان سے بے معنی سوالات کیے۔
تفصیلات کے مطابق ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں بچی مروہ کے والدین کو بلایا اور ان سے اس واقعے کی تفصیلات بتانے کے لیے کہا جو یقینا ان والدین کے لیے بتانا بہت مشکل تھا۔ندا یاسر نے مروہ کے والد سے متعدد بار کئی بے معنی سوالات کیے۔جب کہ پروگرام میں موجود مروہ کی دادی اماں مسلسل روتی رہیں۔ندا یاسر بار بار مروہ سے متعلق سوالات پوچھتی رہیں،جس کا جواب دیتے ہوئے ان کے والد بھی آبدیدہ ہو گئے۔گفتگو کے دوران ان کی آنکھوں میں درد اور آنسو واضح دیکھے جا سکتے تھے۔مروہ کے اہلخانہ کے لیے اس واقعے پر بات کرنا بہت مشکل ہو رہا تھا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے ندا یاسر کے انداز اور سوالات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنے چینل کی ریٹنگ کے لیے ایسے لوگوں کو بلا لیا جن کی بیٹی سے برا سلوک ہوا،۔سوشل میڈیا صارفین نے ندا یاسر کو ہٹانے اور ان کے مارننگ شو کو بند کرنے کا مطالبہ کردیا اور اس سلسلے میں ایک مہم بھی شروع کردی ہے ۔