لاہور(این این آئی) پولیس نے لاہورسیالکوٹ موٹروے کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کا شناختی کارڈ بلاک کروا دیا ۔ پولیس کے مطابق لاہورسیالکوٹ موٹروے کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار ے جارہے ہیں ۔
ملزم کے بیرون ملک فرار ہونے کے شبہ میں اس کا شناختی کارڈ بلاک کروادیا گیا ہے ۔ شناختی کارڈ بلاک ہونے سے ملزم بیرون ملک فرار نہیں ہوسکے گا ۔ دریں اثنا لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پولیس کے لئے چیلنج بن گئی ،ذرائع کے مطابق پولیس سمیت دیگر حساس ادارے عابد ملہی کی گرفتاری کے لئے کوشاں ہیں لیکن انہیں ابھی کامیابی نہیں مل سکی ۔ اس کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی ٹیموں نے زیر حراست اور گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شفقت کی نشاندہی پرعابد کی گرفتاری کے لیے اب تک چھیاسٹھ چھاپے مارے جاچکے ہیں، مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے اب ٹیکنیکل ونگ بے سود ہوگیا، ملزم نے اپنا موبائل فون استعمال کرنا چھوڑ دیا جس کی وجہ سے اب روایتی پولیسنگ کی جا رہی ہے۔