اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت کے حکام کے مطابق تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات بھی نہیں دی جائیں گی۔ اس فیصلے کا اطلاق صرف وفاقی تعلیمی اداروں پر ہو گا۔ یہ فیصلہ کورونا
کی وجہ سے تعلیمی نقصان ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ ٹیچرز ہفتے کے دن پڑھائی میں کمزور طالب علموں کو خصوصی تیاری کروائیں گے، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی پندرہ روز کی تاخیر سے لئے جائیں گے۔ اس حوالے سے بھی آرڈر دے دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے اکتوبر تک بند رہنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7ستمبر کوہونے والے اجلاس میں سکولز کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔وزیرتعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جعلی اکاؤنٹ سے میرے نام سے غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ سکولز اکتوبر تک بند رہیں گے، 15 ستمبر کو سکولز کھولنے کاحتمی فیصلہ7 ستمبر کو وزارت تعلیم کرے گی۔