اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا)نے اے آر وائی کے ڈرامہ سیریل عشقیہ اور ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل پیار کے صدقے میں سماجی اور مذہبی اقدار کے منافی مواد نشر کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت دونوں ڈراموں کی
نشر مکرر پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ان دونوں ڈرامہ سیریل کی نہ صرف اے آر وائی ڈیجیٹل، ہم ٹی وی بلکہ اے آر وائی زندگی اور ہم ستارے پر بھی نشر کرنے پرپابندی ہو گی۔ اے آر وائی کی ڈرامہ سیریل جلن کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر چینل کو ڈرامہ کے مواد کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔اس ضمن میں ناظرین میں مقدس رشتوں کی پامالی سے متعلق مواد نشر کرنے پرشدید اضطراب پایا جاتاہے۔ناظرین روزانہ کی بنیاد پر پاکستان سٹیزن پورٹل ، پیمرا کے سوشل میڈیا اکاوئنٹس اور پیمرا کال سینٹر پر متعدد شکایات درج کرارہے ہیں ۔ پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز اور میڈیا ہاؤسز،پروڈکشن ہاؤسزکو ڈراموں میں نشر کیے جانے والے مواد کا بغور جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے اور کہا ہے کہ ڈرامہ سیریل کی تیاری میں کتناسرمایہ اور وقت صرف ہواہو، اگر اس کا مواد پاکستانی اقدار کے منافی ہے اور ناظرین کی توقعات کے برعکس ہے تو اتھارٹی بغیر کسی وارننگ کے مذکورہ ڈرامہ پر پابندی عائد کردے گی۔