لاہور(این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات پر عائد پانچ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس مکمل ختم کردیا جبکہ بچوں کی فیس ادا کرنے والے فائلر والدین سمیت 5 مختلف شعبہ جات کو ودہولڈنگ ٹیکس پر مکمل چھوٹ
دیدی گئی۔ایف بی آر کے فیصلے کے بعد شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات کیلئے شادی ہالز اور لانز وغیرہ کی بکنگ پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا۔اسی طرح تعلیمی اداروں میں دو لاکھ روپے سے زائد فیس ادا کرنے والے فائلر والدین کو بھی انکم ٹیکس سے چھٹکارہ دے دیا گیا ہے۔ سالانہ دولاکھ روپے سے زائد فیسیں ادا کرنے والے نان فائلر والدین کو ودہولڈنگ ٹیکس سے رعایت نہیں دی گئی ہے۔ ایف بی آر نے مارکیٹ کمیٹیوں پر لائسنس فیس کی مد میں انکم ٹیکس بھی مکمل ختم کردیا ہے۔ بیرون ملک بچوں کی فیس بھجوانے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس اور پیمرا کی لائسنس فیس پر عائد زیادہ سے زیادہ 9 لاکھ روپے انکم ٹیکس بھی ختم کردیا گیاہے۔