اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کابینہ ڈویژن نے اوگرا کے چیئرمین اور ممبر ان کی تنخواہوں و دیگر مراعات میں اضافے کی منظوری دے دی۔ قومی اخبار دنیا کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق چیئرمین اور ممبران کی تنخواہیں و مراعات دیگر ریگولیٹری اداروں اور اس کے زیر نگرانی ریگولیٹ ہونے والے درجنوں آئل اینڈ گیس اداروں کے سربراہوں کی
تنخواہوں اور مراعات سے کافی کم تھیں، بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی افسران تنخواہ کم ہونے کے باعث اس اہم پوسٹ میں دلچسپی نہیں لیتے تھے جس کی بنیاد پر کابینہ ڈویژن نے اوگرا کے چیئرمین اور ممبران کی تنخواہوں و دیگر مراعات میں اضافہ کردیا ہے ۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق اس سے پہلے چیئرمین اوگرا اور ممبران کی تعیناتی 4 سال کیلئے ایم پی ون سکیل میں ہوتی تھی جبکہ نئے پیکیج کے تحت چیئرمین کی تنخواہ اور دیگر مراعات 2ملین (20 لاکھ روپے ) کے لگ بھگ ہونگی جبکہ ممبران کی تنخواہ اور مراعات شامل کرکے پیکیج 8لاکھ روپے پر مشتمل ہوگا ۔ کابینہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق اب بیرون ملک ملٹی نیشنل /ٹرانس نیشنل کمپنیوں میں کام کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ ، ماہر اور پروفیشنل بھی چیئرمین کے عہدے پر تعینات کئے جاسکیں گے جس کے باعث تیل وگیس کے متعلق حکومتی اور نجی کمپنیوں کو بہتر طریقے سے ریگولیٹ کیاجاسکے گا ۔واضح رہے کہ اس وقت کابینہ ڈویژن چیئرمین اور ممبرآئل اوگرا کی تعیناتی کا عمل مکمل کررہی ہے ۔