ٹوکیو (این این آئی)جاپان کی دو بڑی آئی ٹی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق جاپان میں پاکستان کے سفیر امتیاز احمد نے کہا کہ جاپان میں آئی ٹی ماہرین کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اگلے چند سالوں میں جاپان کو ساڑھے چار لاکھ آئی ٹی ماہرین کی
ضرورت ہوگی جبکہ اچھی بات یہ ہے کہ ہماری کوششوں سے جاپان کی دو بڑی آئی ٹی کمپنیوں نے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے پچھلے دو مہینوں میں جاپان کی دو بڑی کمپنیوں نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں انوسٹمنٹ کریں گے جس میں سب سے پہلے جاپان کارپوریشن لمیٹڈ ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سافران گروپ ہے جو مل کر پاکستان میں فنانشل ٹیکنالوجی پراجیکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ امتیاز احمد نے کہا کہ ہمارے یہ کوشش ہے کہ جاپانی اور پاکستانی کمپنیوں کی آپس میں میچ میکنگ کروائی جائے، اس کے علاوہ ہم چاہتے ہیں کہ آف شور ڈیویلپمنٹ کام کے لیے جاپان پاکستان کو منتخب کرے اور ساتھ ہی ساتھ ہم بہت سی کمپنیوں سے رابطے میں ہیں جس میں راکوتین، میامابیکارپوریشن ، کلائم، ایوینٹن کارپوریشن، ایکسز کارپوریشن ہے، ڈی ٹی ایس ہے ان تمام کمپنیوں سے ہم رابطے میں ہیں۔