پشاور (این این آئی)خیبر پختون خوا کے محکمہ صحت نے سیاحت، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے لیے ایس او پیز جاری کر دیئے۔محکمہ صحت خیبر پختون خوا کی جانب سے جاری کیے گئے ایس او پیز کی دستاویز کے مطابق تمام سیاحوں کے لیے فیس ماسک اور سینیٹائیزر کا استعمال لازمی ہو گا۔
تمام انٹری پوائنٹس پر سیاحوں کا بخار چیک کیا جائے گا، ہوٹل انتظامیہ کو تمام سیاحوں کا ڈیٹا رکھنا لازمی ہوگا، ہوٹل میں گیدرنگ کی بجائے ہوٹل کے باہر گیدرنگ کی اجازت ہو گی۔سیاحوں کو ایمرجنسی کی صورت میں قریبی ہیلتھ سینٹر سے رجوع کرنا ہو گا، بیمار سیاحوں کو صحت مند سیاحوں سے الگ رکھنا ہو گا۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ اوز ایس او پیز پر عمل اور مانیٹرنگ کے ذمے دار ہوں گے، کورونا وائرس کے مشتبہ مریض سیاح کو جلد ہی قریبی ہیلتھ سینٹر سے رجوع کرنا ہوگا۔سیاحتی مقامات پر سماجی فاصلہ رکھا جائے گا، صابن سے بار بار ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جائے گی، سیاحتی مقامات، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں رش کو کم سے کم رکھنا ہو گا۔جگہ جگہ بینرز اور کورونا وائرس سے آگاہی کے پمفلٹس تقسیم کیے جائیں گے، سیاحوں کے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس آنے اور جانے کے اوقات مقرر کیے جائیں گے۔محکمہ صحت خیبر پختون خوا کی جانب سے جاری کیے گئے ایس او پیز میں کہا گیا کہ تمام سیاحتی مقامات پر ہیلتھ ڈیسک قائم کی جائیں، ہوٹلوں میں کمروں کو ڈس انفیکٹ کرنا لازمی ہو گا، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے عملے کو کورونا وائرس سے بچائو کی کٹ پہننا ہو گی۔