لاہور (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب بھر کے سرکاری محکمہ جات میں کرپشن کی موجودگی کے اعتراف کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کی بیورو کریسی سمیت محکمہ پولیس پنجاب میں کرپٹ اور نا اہل افسران اور ملازمین کی فہرستوں کی تیاری کا حکم دے دیا ہے۔ فہرستوں کی تیاری کا حکم وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کے روز اپنے دورہ لاہور کے موقع پر جاری کیا۔ بتایا گیا ہے کہ دورہ لاہور کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع کے اراکین
قومی اسمبلی نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ جس میں ان اراکین اسمبلی نے پنجاب کی بیورو کریسی اور پولیس کے خلاف کرپشن اور دیگر شکایات کے انبار لگا دئیے تھے۔ جس کی روشنی میں وزیراعظم نے ایسے افسران اور ملازمین کی فہرستوں کی تیاری کی ہدایات جاری کیں اور وزیراعلیٰ پنجاب پر واضح کیا کہ فہرستیں تیار کر کے ایک ماہ کے اندر انہیں فراہم کی جائیں۔ جن کے خلاف وہ خود ایکشن لیں گے اور ان افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے۔