لاہور( این این آئی)وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کو بہترین ترغیبی اور منافع بخش پیکج دے کر برآمدات میں اضافہ اور درآمد ات میں کمی کے ذریعے ملکی معاشی استحکام کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ،
حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی وجہ سے عالمی بینک کے کاروباری آسانیوں کے انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن 28 پوائنٹس بہتر ہوئی ہے ۔صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عبد الرزاق دائود نے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام اور صنعتکاری کے فروغ کے لئے بیک وقت مختصر اور طویل مدتی پالیسیوں پر کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نجی شعبے کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور انہوں نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ حکومت کی کاروباری دوست پالیسیوں کی وجہ سے کاروباری آسانیوں کے انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن 28 پوائنٹس بہتر ہوئی ہے جو بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی حوصلہ افزا ء اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو جاپان ، ویتنام اور جنوبی کوریا کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ایشیائی اور پیسفک مارکیٹس کے ساتھ بھی مربوط کیا جائے گا اور حکومت تجارت کے فروغ کے لئے ان ممالک کے ساتھ بات چیت کرے گی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تمام قابل عمل تجاویز اور جائز مطالبات کو پالیسی سازی کے عمل میں اہمیت دی جائے گی اور ان کی شکایات کے ازالے کے لئے متعلقہ حلقوں کو فوری ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔