اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنما اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے مراد سعید کی میڈیا ٹاک پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی ڈگری والے مراد سعید میرے چیلنجز سے گھبراگئے ہیں، ایک دن میں تین پرچے دینے والے مراد سعید ہمت کریں اور میرے چیلنجز کا جواب دیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران خان مراد سعید کے پیچھے چھپنے کے بجائے خود سامنے آئیں، عمران خان اپنی چینی چوری اور آٹا چوری پکڑے جانے پر مراد سعید
کو دوسروں پر الزام تراشی کیلئے آگے کررہے ہیں۔ عبد القادر پٹیل نے سوال کیاکہ مراد سعید میں آخر کون سی اہلیت ہے کہ عمران خان نے انہیں ایم این اے بنوادیا؟ ۔ انہوں نے کہاکہ سابق صدر زرداری پر مقدمات کی بات کرنے والے مراد سعید اپنے والد کے آسٹریلیا میں جعلی اسٹوڈنٹ ویزے کی گرفتاری کا بتائیں۔ انہوں نے کہاکہ مراد سعید بتائیں کہ وہ 200 ارب ڈالرز کہاں ہیں جن کا انتخابات سے قبل آپ نے انکشاف کیا تھا، اگر مراد سعید نے 200 ارب ڈالرز کا نہیں بتایا تو میں خود ان کی تلاشی لوں گا۔