اسلام آباد(آن لائن) حکومت کا عید سے قبل گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلز نہ کھولنے کا فیصلہ آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہوٹلز اور گیسٹ ہاوسز کھولنے کے حوالے سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے آل پاکستان گیسٹ ہاؤسز اور ٹور ازم ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ عید الاضحیٰ سے قبل گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلز نہیں کھولے جا سکتے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ صوبوں کی مشاورت سے سیاحتی مقامات سے متعلق ایس او پیز تیار کر لی ہیں، عید الاضحیٰ کے بعد کرونا کی صورت حال کا جائزہ لیں گے، حالات بہتر ہوئے تو اگست میں ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کھولے جائیں گے۔ بات کرتے ہوئے معاون خصوصی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ہم سیاحتی شعبوں میں سرمایہ کاروں کی قومی خدمات کو ہم سراہتے ہیں، متاثرہ ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کے مالکان کو بلا سود قرضوں پر مشاورت ہوگی, زلفی بخاری نے اس معاملے پر اسٹیٹ بینک سے مشاورت کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔خیال رہے کہ دوسری جانب خیبرپختونخواہ حکومت نے عید کے بعد سیاحتی مقامات کھولنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ 4 ماہ قبل کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر کے سیاحتی مقامات کو بند کر دیا گیا تھا۔ لیکن اب خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے ان کو کھولنے پر غور شرور کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کے پی کے کے وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی کے بعد وفاق سے مشاورت کرکے سیاحت کا شعبہ کھولنے کیلئے کام جاری ہے، مشکل صورتحال کے باوجود صوبے میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔بات کرتے ہوئے ان کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے،معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت نتیجہ خیز اقدامات اْٹھارہی ہے۔