کراچی(این این آئی)قومی ایئر لائن نے یورپ اور برطانیہ کے لیے متبادل انتظامات شروع کر دیے، پی آئی اے ترکی کی فضائی کمپنی سے مسافروں کو برطانیہ اور یورپ پہنچائے گی۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے ترکی کی فضائی کمپنی سے مسافروں کو برطانیہ اور یورپ پہنچانے کے لیے انتظامات شروع کر دئیے، اس سلسلے میں پی آئی اے اور ترکی ایئر لائن پیگاسس ایئر لائنز کا 31 جنوری 2020 کو کوڈ شیئرنگ کا معاہدہ ہے۔کوڈ شیئرنگ کو مزید فعال کرنے کے لیے بات چیت آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں، پی آئی اے
مسافروں کو پہلے ترکی کے صبیحہ گوچن ایئر پورٹ استنبول پہنچائے گی، پھر 2 گھنٹے بعد مسافروں کو پیگاسس ایئرلائن سے برطانیہ اور یورپ کے ان شہروں میں پہنچایا جائے گا جہاں پی آئی اے آپریٹ کرتی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن یورپ اور برطانیہ کے دوسرے 25 مقامات سے بھی اپنا شیڈول فائنل کر رہی ہے، پی آئی اے یورپ کے لیے خصوصی چارٹر پروازوں کے ذریعے بھی مسافروں کو پہنچائے گی، اس سلسلے میں فرانس کی ایک نجی چارٹر طیارہ کمپنی سے بات چیت جاری ہے۔