اسلام آباد(آن لائن) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے قومی اسمبلی میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرآن پاک کی تلاوت کے بعد حدیث پڑھنے کے لیے قواعد میں ترمیم آج ہی پاس کردی جائے،اس ایوان کی اکثریت کی رائے ہے کہ اسے آج قواعد و ضوابط میں شامل کردیا جائے،اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ اگر اچھا کام کیا جارہا ہے تو اس کو اچھے طریقے سے کیا جائے وزیراعظم کو اس ایوان میں وقفہ سوالات میں جواب دینے تھے،دو سال ہوگئے لیکن اس کو
ابھی تک پاس نہیں کیا گیا،اس پر وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم کے وقفہ سوالات میں جواب دینے کے معاملے کو قانونی شکل دینا چاہتے ہیں،قانون اس لیئے بنانا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ کوئی بھی وزیر اعظم آئے تو اس پر عمل کرے،بعدازاں قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کردی گئی،اجلاس کے آغاز میں قرآن پاک کی تلاوت کے بعد حدیث کا لفظ شامل کردیا گیا،قواعد میں ترمیم کے بعد اب اجلاس میں قرآن پاک کی تلاوت کے بعد حدیث بھی پڑھی جائے گی،قواعد میں ترمیم رکن مجاہد علی نے پیش کی۔