اسلام آباد (این این آئی)بجلی چور 2 ارب 52 کروڑ روپے کھا گئے،حکومت وصولیوں میں ناکام رہی ،آڈیٹرجنرل آف پاکستان نے نشاندہی کردی ۔ دستاویز کے مطابق مالی سال 2018-19 تک بجلی چوری سے 2 ارب 52 کروڑ کا نقصان ہوا ، کمپنیاں بجلی چوروں سے واجبات کی
وصولی میں ناکام رہیں ، 1 لاکھ 90 ہزار 897 بجلی چوروں کی نشاندہی کی گئی ۔دستاویز کے مطابق بجلی چور،غیر قانونی کنکشنز،ٹمپرڈ میٹرز کے ذریعے بجلی چوری میں ملوث ہیں۔ دستاویز کے مطابق لیسکو بجلی چوروں سے واجبات کی عدم وصولی میں سرفہرست ہے ،کمپنی11 ہزار 103 بجلی چوروں سے 2 ارب 19 کروڑ روپے وصولی نہ کرسکی ۔دستاویز کے مطابق میپکو 1لاکھ 73 ہزار بجلی چوروں سے 10 کروڑ 68 لاکھ روپے وصولی میں ناکام رہی،گیپکو 4 کروڑ 45 لاکھ, فیسکو کے صارفین 2 کروڑ 24 لاکھ روپے بجلی چوری کے نادہندہ ہیں ، دستاویز کے مطابق آئیسکو بجلی چوروں سے 6 کروڑ 46 لاکھ بقایاجات لینے میں ناکام رہی ،پیسکو میں بجلی چور 5 کروڑ 87 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔پشاور ڈویژن کے مطابق بعض کیسز میں بجلی چوروں سے رقم ریکورکرلی ،بجلی چوروں کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے ۔