لاہو ر(این این آئی) پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ پٹرول سستا کرنے کا مطالبہ تھا، نہ کہ نایاب کرنے کا تھا،پہلے ڈیزل نہیں مل رہا تھا، اب پٹرول بھی غائب ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ دنیا میں پٹرول رل گیا ہے، جبکہ پاکستان میں اس کو مافیاز کے زریعے غائب کروادیا گیا ہے۔پی ٹی آئی ایم ایف حکومت تمام شعبوں میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔چینی، آٹا، اور اب پٹرول چوری کا اصل ذمہ دار بھی وزیراعظم کے اردگرد موجود مافیا ہے۔حکومت ناکام ہے
کمپنیوں کو پابند کرنے میں کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی یقینی بنائیں۔اب تک پٹرول مافیا کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوئی، اوگرا کیا کررہا ہے؟ اوگرا کے کرتا دھرتا مستعفی ہوں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد نہ ملنا حکومت ناکامی اور مافیاز کی کامیابی ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کہتے تھے کہ اگر حکمران نیک ہوں گے تو لوگ لائنوں میں لگ کر ٹیکس دیں گے۔اب نیک حکومت میں لوگ لائنوں میں لگ کر پٹرول ڈھونڈ رہے ہیں، پٹرول نہ ملنے سے عوام رل گئے ہیں۔