گھوٹکی(این این آئی)کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور منتقلی کے پیش نظر ضلع گھوٹکی کے 7 علاقوں میں عام لوگوں کی آمد و رفت پر 22جون سے پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ رٹائرڈ محمد خالد سلیم نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کی سفارش پر سندھ ایپیڈیمک ایکٹ 2014 کے سیکشن 3 کے تحت
ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے اور منتقلی کو روکنے کے لئے ضلع گھوٹکی کے 7 علاقوں شمس آباد نزد اپولو میڈیکل سینٹر گھوٹکی، مہران کالونی گھوٹکی، سبزی مارکیٹ ڈہرکی، سندھو کالونی بائی پاس روڈ ڈہرکی، گوٹھ صاھب خان لنڈ میرپور ماتھیلو، مکھی محلہ اوباوڑو اور لانگھو روڈ اوباوڑو میں 22 جون سے بحکم ثانی عام لوگوں کی آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے. جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضع کیا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں اشیا خوردنوش فراہم کرنے والوں کے علاوہ عام لوگوں کی آمد و رفت پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ کھانے پینے، تندور، اشیا خوردنوش کی دوکانوں اور میڈیکل اسٹورز کے علاوہ تمام دوکانیں بھی بند رہیں گی اسی طرح ہر قسم کے مجمع پر بھی پابندی ہوگی اور مساجد میں صرف 5 لوگ ایس او پی کے تحت نماز ادا کر سکیں گے. اس سلسلے میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن پر مکمل عمل درآمد کروائیں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر متعلقہ علاقوں پر صحت کی سہولتیں فراہم کریں جبکہ نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔