کوئٹہ (این این آئی) معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے مولانا فضل الرحمن کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مسترد شدہ ٹولہ سیاست میں زندہ رہنے کے لیے روز نیا شوشہ چھوڑ دیتا ہے ۔ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ آئین اور قانون میں تبدیلی کا ایک فورم موجود ہے جو کسی ترمیم کا مجاز ہے، جس کام کا آئین میں طریقہ کار طے ہے اس پر بیان بازی صرف اپنے وجود کا اظہار کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر پارلیمنٹ کوئی فیصلہ کر لے ، آپ اسے کس حیثیت سے روک سکتے ہیں؟، آپ جس پارلیمنٹ
میں نہ ہوں وہ تو آپ کی نظر میں حقیقی ہو ہی نہیں سکتی، عوام آپ کو پارلیمنٹ سے باہر نکال کر حقیقی پارلیمنٹ کی تشکیل کر چکی ہے، آپ ہر سابقہ حکومت کا حصہ رہے جب افراد لاپتہ ہو رہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ عجیب منافقت ہے کہ اس دوران کبھی لاپتہ افراد کیلئے آواز نہیں اٹھائی جناب نے، موجودہ دور حکومت میں کوئی افراد لاپتہ نہیں ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ آپ کے دور میں لاپتہ ہونے والے بہت سے افراد موجودہ دور میں بازیاب ہوئے ، تمام اپوزیشن کے پاس اب ان چند رٹے رٹائے بیانات کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔