اسلام آباد(آن لائن)کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر وزیراعظم آفس کا سٹاف محدود کردیا گیا۔وزیراعظم آفس کے افسران و ملازمین کے دفتری امور سے متعلق ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کے مطابق وزیراعظم آفس کے جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن کے علاوہ تمام جوائنٹ سیکرٹریز کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعظم آفس کے مطابق مختلف شعبوں کے ڈپٹی سیکرٹریز ہفتہ وار بنیادوں پر دفتری امور انجام دیں گے۔ وزیراعظم آفس کی ہدایت میں
کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس کے تمام شعبوں کے ملازمین ڈیوٹی روسٹرزکے مطابق کام جاری رکھیں گے، گھر سے کام کرنے والے جوائنٹ سیکرٹریز فائلز اور دستاویزات کے لیے اپنے دفاتر میں ایک ملازم تعینات کریں۔مختلف شعبوں میں کام کرنے والا سٹاف ڈیوٹی روسٹر کے مطابق کام کرے گا، گھر سے کام کرنے والے افسران سٹیشن نہ چھوڑیں اور فون پر دستیاب رہیں ایمرجنسی کی صورت میں افسران کو کسی بھی وقت بلایا جا سکتا ہے۔