اوکاڑہ(این این آئی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے عوام کی زندگیاں اجیرن بنتی جا رہی ہیں مہنگائی کا سیلاب عوامی خوشیوں کو بہا کر لے جا رہا ہے موجودہ حکومت میں سنجیدگی کا کوئی مظہر دکھائی نہیں دیتا صرف حکومت کی کار کردگی فوٹو سیشن تک محدود ہے ،
عمران خان نے ملک کا بیڑا ہی غرق کر دیا مہنگائی کی دلدل میں پھنسے لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہو چکے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی تحصیل اوکاڑہ کے صدر رائو ایاز الکریم سے ملاقات کے دوران کیا، قمرزمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ حکمران قوم پر ایک عذاب بن کر مسلط ہوئے ہیں پوری قوم مہنگائی کی دلدل میں دھنستی چلی جا رہی ہے اور حکمران سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں عمران خان اور ان کے وزرا قوم پر رحم کریں، قمرزمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ حکمران جب سے اقتدار میں آئے ہیں ہر محکمہ کے ملازمین میں بے چینی پائی جا رہی ہے محکموں کے فنڈز روکے جانے سے نہ تو بر وقت تنخواہیں مل رہی ہیں اور نہ ہی پینش ترقیاتی کام بھی نہ ہونے سے شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ جو بلند وبانگ دعوے عمران خان نے الیکشن سے پہلے کیے تھے اب ان کی پاسداری بھی کریں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت سے پہلے ہی ختم ہو جائے گی ۔