پیرس (این این آئی)فرانسیسی ماہرین نے طیارے کے بلیک باکس کا ڈیٹا سربراہ انویسٹی گیشن بورڈ کے حوالے کردیا، گزشتہ روز بلیک باکس کے دونوں حصوں کے ڈی کوڈ کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ایئربس اور پاکستان کے ماہرین نے پی آئی اے طیارہ حادثے سے متعلق مشترکہ تحقیقات کیں، پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کسی بھی وقت پاکستان واپس پہنچیں گے۔ایئرکموڈور عثمان غنی فرانس کی
ٹیم کے ہمراہ کراچی سے بلیک باکس لے کر ایئربس ہیڈ کوارٹرز گئے تھے، دوسری جانب ایئربس کمپنی کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں کوئی فنی خرابی نہیں تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ سے چند سیکنڈ قبل ایئر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 97 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔