اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رواں ماہ جون میں بادلوں کا راج ہوگا اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں گی، 17 جون کے بعد ہونے والی بارشیں پری مْون سون ہوں گی ، لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بحیرہ عرب کے مشرق میں بننے والے سائیکلون کے لیے دوسرا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب پر بننے والا ڈپریشن شدت اختیار کر گیا۔محکمہ موسمیات کے
مطابق ڈپریشن، ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل اور رْخ شمال کی جانب ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق سے 1150 کلو میٹر دور ہے جبکہ ڈیپ ڈپریشن شمال کی جانب بڑھتے ہوئے سائیکلون کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائیکلون بننے کے بعد یہ اپنا رخ جنوبی گجرات کے ساحل کی جانب کر لے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں جبکہ ماہی گیر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔