اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے اپنے آپ، حکومت اور عوام سے کورونا وائرس کے حوالے سے اہم سوالات اٹھائے ہیں کہ تمام عزیزان وطن! کورونا وائرس پر سیاست کھیلے بغیر میرے تین سوالات ہیں، اگر صرف 2 لاکھ ٹیسٹوں میں سے پچیس ہزار مثبت ہیں تو 20 کروڑوں میں سے کتنے مثبت ہوں گے؟ ۔ایک بیان میں سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ کیا اس صورتحال میں
ہجوم کی اجازت دی جا سکتی ہے جب کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلنے کا خطرہ ہو؟ میرے ملک کے غریبوں کا کورونا ٹیسٹ مفت کیوں نہیں کیا جارہا ہے؟ ۔انہوںنے کہاکہ میں تمام سیاسی کارکنوں ، دانشوروں ، صحافیوں، ڈاکٹروں اور ہر طبقے سے رہنمائی کی درخواست کرتا ہوں، میں سینیٹ میں عوام کی رہنمائی سے حقائق کے ساتھ عوام کا مقدمہ پیش کرونگا۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ کورونا وائرس نہایت حساس و عوامی تشویش کا معاملہ ہے، سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ سماجی دوری کو اپناتے ہوئے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پبلک سماعت کریگی۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ کورونا وائرس کے معاملے پر عوام، ماہرین، ڈاکٹروں و وکلاء و دیگر کے خیالات حاصل کرنا ضروری ہے، میرے نزدیک یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور عوام کی رائے پارلیمنٹ اور حکومت کے لئے ہمیشہ ایک طاقت ہوتی ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ تنقید نہیں بلکہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کو بروقت مشورہ دینا مقصود ہے۔