اسلام آباد (این این آئی)رمضان میں پاکستان پوسٹ کا ‘‘ڈاکیا’’ بوڑھے پنشنرز کے لیے خوشیوں کا ذریعہ بن گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پوسٹ کے ڈاکیے عید کے باعث ایک ماہ کی پیشگی پنشن بھی ریٹائرڈ ملازمین کی دہلیز پر بحفاظت پہنچارہے ہیں، دوردراز اور دشوارگزار علاقوں میں مقیم پنشنرز کے چہروں پر خوشیاں بکھر گئیں۔پاکستان پوسٹ کا ‘‘ڈاکیا’’ 3دن میں 3لاکھ31ہزار197 پنشنرز کو 2ماہ کی پنشن پہنچا آیا، پاکستان پوسٹ ہفتہ اتوار کو بھی بزرگ پنشنرز کے گھروں میں خوشیاں لانے میں مصروف ہیں۔عید الفطر کی آمد سے
قبل تمام پنشنرز کو 2 ماہ کی پنشن مل جائیگی، عید الفطر سے قبل اگلے ماہ کی پنشن پیشگی ملنے پر بوڑھے ملازمین نہایت خوش ہیں، انہوں نے وزیراعظم عمران خان، وزیر مواصلات مراد سعید اور پاکستان پوسٹ کا شکریہ ادا کیا اور لاک ڈاؤن کے دوران اس احسن اقوام کو سراہا۔پنشن کی تقسیم کے دوران پاکستان پوسٹ عملے اور پنشنرز کی صحت وسلامتی کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے،واجبات کی تقسیم میں ملازمین کے ساتھ سینئر ترین عہدیدار اور افسران بھی پیش پیش ہیں۔بزرگ پنشنرز کے ساتھ عوام نے بھی پاکستان پوسٹ کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا۔