اسلام آباد (این این آئی) جنوبی کوریا جانے والی پی آئی اے کی خصوصی پرواز اچانک ملتوی کر دی گئی ، دور دراز سے آئے ہوئے 300 طلباء ورکرز اور مسافر پریشان ہوگئے ،اسکالر شپ پر پی ایچ ڈی اور ماسٹرز کرنے والے طلباء کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ۔ پی ایچ ڈی طالب علم آصف رضا نے بتایاکہ اس سے قبل 11 بار مختلف ایئر لائن نے ٹکٹس کی بکنگ کرکے ملتوی کیا تھا، تمام ایئر لائن نے بروقت ملتوی کیا جسکی وجہ سے اسلام آباد نہیں آنا پڑا۔ آصف رضانے کہاکہ میں گھوٹکی سندھ سے اسلام آباد پہنچا ہوں
اور 30 منٹ قبل پی آئی اے نے فلائٹ اچانک ملتوی کردی، اسلام آباد سے جمعرات کو صبح 6 بجے خصوصی پرواز جنوبی کوریا جانی تھی اور بکنگ لی گئی تھی،900 کلو میٹر سے آئے ہیں یہاں ہوٹلز بھی بند ہیں،پی آئی اے نے ڈیڑھ لاکھ روپے کرایہ حاصل کیا ہے، جنوبی کوریا کے تعلیمی ادارے طلباء کو فوراً یونیورسٹی پہنچنے کی بار با ہدایت کررہے ہیں۔ آصف رضا نے کہاکہ جنوبی کوریا کورونا کو کنٹرول کرنے میں کسی حد تک کامیاب ہوگیا ہے، فلائٹ کے مسافر دور دراز سے پہنچے ہیں سب لوگ پریشان ہیں۔