کراچی(این این آئی)وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک کے درمیان ملاقات میں محصور پاکستانیوں اور دوسرے ممالک کے شہریوں کو ان کے آبائی ممالک واپس پہنچانے کے لئے پی آئی اے کے جانب سے جاری خصوصی فلائٹ آپریشن کی کار کردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں کریو کے لئے حفاظتی اقدامات اور اندرون ملک و بیرون طیاروں کی ڈس انفیکشن سمیت مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر ہوابازی نے استفسار کیا کہ پی آئی اے خصوصی پروازوں کے لئے کتنا کرایہ وصول کر رہی ہے۔ ان کو بتایا گیا کہ چونکہ زیادہ تر پروازیں ایک طرف سے خالی آپریٹ کی جارہی ہیں اور حکومت پاکستان کی جانب سے مسافروں کی تعداد میں بندش کی وجہ سے محدود مسافروں کے ساتھ چلائی جا رہی ہیں اس لئے ان پروازوں کو معاشی طور پر کار آمد بنانے کے لئے مسافروں سے معمول سے تھوڑا زیادہ کرایہ وصول کیا جاتا ہے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹوآفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے وزیر ہوابازی کو ا س بات کی یقین دہانی کرائی کہ مسافروں کی آراء کی بنیاد پر اور آپریٹنگ اخراجات کے زیادہ ہونے کے باوجود وہ مناسب کرایوں کی وصولی کو یقینی بنائیں گے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے نے حالیہ شکایات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ اس مشکل وقت میں تارکین وطن کو فائدہ پہنچانے کے لئے حقیقت پسندانہ اور قابل عمل کرایوں کو یقینی بنایا جائے اور صرف وہ کرایہ وصول کیا جائے جو اخراجات پورے کرتا ہو۔چیف ایگزیکٹوآفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے اضافی کرایہ وصول کرنے کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور پاکستانیوں کیلئے فضائی کرائے میں کمی کا حکم دے دیا۔ انہوں نے شعبہ کمرشل کو ہدایات جاری کیں کہ وہ عناصر جن میں خاص طور پرٹریول ایجنٹ شامل ہیں انہوں نے مسافروں سے زیادہ رقم وصول کی اور پی آئی اے کو بدنام کیا ان کے خلاف مروجہ ضابطوں کے تحت کاروائی کی جائے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹوآفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے اعلیٰ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ پھنسے ہوئے مسافروں کے ساتھ ذاتی طور پر رابطہ میں رہیں اور ان کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے پی آئی اے کے زمینی اور فضائی عملے کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں قوم کی خدمت کر رہے ہیں جو پی آئی اے کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پی آئی اے کا عملہ قومی ہیرو ہیں جو اپنی زندگی اور اپنے اہل خانہ کے لئے خطرات کے باوجود زمین اور ہوا میں مسافروں کو راحت پہنچانے کے لئے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔