لاہور( این این آئی )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین سیاست میں مال اور جائیدادیں بنانے کیلئے آئے وہ سماجی بہبود کا کام نہیں کرسکتے ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گور نر ہائوس میں انصاف ٹائیگرز فورس کے حوالے سے منعقدہ تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کے 6 لاکھ رضاکار بن چکے ہیں،
جہاں بھی کورونا پھیلے گی ہم وہاں فوری کام کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے الگ الگ ملاقات کر کے کورونا سے نمٹنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔چوہدری محمدسرورنے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دورا انہیں کو رونا ٹیلی میڈ یسن ہیلپ لائن کے قیام،غر یب خاندانوں کیلئے راشن اور جیلوں میں قیدیوں کو کورونا سے بچانے کیلئے حفاظتی سامان کی فراہمی سمیت دیگر اقدامات کے بارے میں بر یفنگ دی۔وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا وائرس کی روک تھام اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریف کیا ۔وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب کے انتظامات اور اقدامات کو سراہا۔ گورنر ہائوس میں منعقد ہ تقریب میں مخیر حضرات نے وزیر اعظم عمران خان کو وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ کے لئے امداد کے چیک بھی دئیے۔



















































