لاہور( این این آئی)لاک ڈائون کی وجہ سے چھوٹے پیمانے پر ٹرانزیکشن کی موبائل کیش دکانوں کی بندش کی وجہ سے لوگوںکو ایک دوسرے کو رقم بھجوانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ، روزگار کے سلسلہ میں دوسرے شہروں میں مقیم سرکاری ونجی اداروں کے ملازمین اور محنت کش
مختلف موبائل کمپنیوں کے نیٹ ورک پر بنائے گئے اکائونٹس کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں میں رہائش پذیر اپنے گھر والوں کو بآسانی رقم بھجواتے تھے اوراس کے ذریعے روزانہ کروڑوں روپے کے ٹرانزیکشن ہوتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈائون جاری ہے جس کی وجہ سے اشیائے خوردونوش اور میڈیکل سٹورز کے علاوہ دیگر کاروبار مکمل طور پر بند ہیں ۔لاک ڈائون کی وجہ سے بڑے بازاروں سمیت گلی محلے کی سطح پر قائم مختلف موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کی موبائل کیش شاپس بھی بند ہیں جس کی وجہ سے اکائونٹ ہولڈرزکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ روزگار کے سلسلہ میں دوسرے شہروں میں موجود سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین اور محنت کش اس کا سب سے زیادہ استعمال کرتے ہیں جس کے ذریعے اہل خانہ گھر کے قریب دکانوں سے بآسانی رقم حاصل کر لیتے تھے ۔ موبائل کیش شاپس کی بندش سے دوسرے شہروں میں مقیم گھر کے سرپرست اور دیگر افراد کو اپنے گھر والوں کو ضروری اخراجات کیلئے رقم بھجوانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔