کراچی(این این آئی)حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث صوبے میں لاک ڈائون اور اس کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں کمی کے بعد کراچی کی ایک آئل ریفائنری نے اپنی پیداواری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کردی ہیں،ادھر وزار ت توانائی و پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے خام تیل کی درآمد پر بھی پابند ی عائد کردی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع نیشنل آئل ریفائنری(این آر ایل)نے اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کیے گئے ایک مراسلے میں بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ لاک ڈائون کے باعث نقل و حرکت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات اور خاص کر پٹرول و ڈیزل کی طلب میں بہت زیادہ گراوٹ کا سامنا ہے جبکہ ریفائنری میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر بھی وافر مقدار میں موجود ہیں جو کہ موجودہ صورتحال میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔نیشنل آئل ریفائنری نے پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں نمایاں کمی اور وافر اسٹاک کے باعث پیداواری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ ریفائنری کے ملازمین کو بھی اس وبائی مرض سے محفوظ رکھا جاسکے ۔اس دوران ریفائنری سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہے گی جب کہ ریفائنری میں کم درکار ضروری عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جا ئے گا۔ریفائنری میں پیداواری سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ اپریل کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔