تہران (این این آئی)ایران کے انفارمیشن اور کمیونیکیشنزٹیکنالوجی کے وزیر محمد جواد آزری جہرومی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر خلانورد کے لباس میں ایک تصویر پوسٹ کی ہے اور اس کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے۔
فضانوردان کا لباس، روشن مستقبل۔میڈیارپورٹس کے مطابق محمد جواد آزری جہرومی ایران کے سابق انٹیلی جنس افسر ہیں اور وہ صدر حسن روحانی کی کابینہ میں سب سے کم عمر وزیر ہیں۔وہ خلانورد کے لباس میں تصویر تو ٹویٹر پر پوسٹ کر بیٹھے ہیں لیکن اس کے بعد انھیں کڑی تنقید کا نشانہ بننا پڑا ہے اور لوگوں نے خوب ان کا مضحکہ اڑایا ہے۔ٹویٹر پر انھیں فالو کرنے والوں نے ان کے لباس کے تاروپود بکھیر دیے ۔انھوں نے لکھا کہ اس کی تو کل قیمت بیس ڈالر ہے اور یہ ہالووین کا لباس ہے۔اس کو امازون یا آن لائن کسی بھی پرچون فروش سے خرید کیا جا سکتا ہے۔ان دونوں لباسوں میں معمولی سا فرق ہے اور اس کو واضح طور پر ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔وہ یہ کہ ایرانی سوٹ سے امریکا کے خلائی تحقیق کے ادارے ناسا کے لوگو اور بائیں کندھے سے امریکی پرچم کو ہٹا دیا گیا ہے۔اس کے بعد خالی جگہ پر ٹانکوں کے نشان واضح نظر آرہے ہیں اور ایرانی پرچم کو دائیں کندھے پر کاڑھ دیا گیا ہے۔