کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین سندھ اسمبلی نے آئی جی سندھ کے تبادلے پر کہا ہے کہ ان کو غیر قانونی احکامات نہ ماننے کی پاداش میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کلیم امام کے اقدامات سے شہر قائد میں جرائم میں کمی ہوئی۔
یہ بات خواجہ اظہار الحسن اور کنورنوید جمیل نے آئی جی سندھ کلیم امام کے تبادلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف تحریک انصاف کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان بھی میدان میں آگئی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنورنوید جمیل کا کہنا تھا کہ کلیم امام کے اقدامات سے شہر میں جرائم کم ہوئے، آئی جی کو غیرقانونی احکامات نہ ماننے پر تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف پیپلزپارٹی کے ایک رکن کے خلاف کیس پر وزیراعلی سندھ ان سے ناراض ہوگئے، آئی جی نے اندرون سندھ پیپلزپارٹی کے وڈیروں کے خلاف سخت اقدامات کیے، وزیراعلی سندھ پولیس کے اعلی افسر کو اپنا ہاری سمجھ رہے ہیں۔خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس میں اصلاحات پیپلزپارٹی کو گوارا نہیں، سندھ حکومت پولیس کیلئے مختص بجٹ فوری طورپر جاری کرے، پولیس کے بجٹ میں اسلحہ خریداری کی رقم میں کٹوتی کی جارہی ہے۔