اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وزیراعظم کے نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پرعزم ہیں،کاروبار میں آسانی،سرمایہ کاروں کیلئے سہولتیں وزیراعظم کا وژن ہے،دنیا بھر سے سرمایہ کار اور سیاح پاکستان کی طرف مائل ہو رہے ہیں،پسے طبقے کو چھت کی فراہمی وزیراعظم کا پختہ عزم ہے،
رانا ثناء اللہ کا کیس عدالت میں جاری ہے، عوام کو گمراہ نہ کریں،تحریک انصاف کا منشور دو نہیں ایک پاکستان ہے، احتساب کا عمل سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے،احتساب کے بغیر معاشرہ جنگل کا قانون بن جاتا ہے،حق داروں کا حق لوٹنے والوں کا حساب ضرور ہو گا،مٹھی بھر دہشت گرد جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ہفتہ کو یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وزیراعظم کے نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کیلئے سہولتیں وزیراعظم کا وژن ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر سے سرمایہ کار اور سیاح پاکستان کی طرف مائل ہو رہے ہیں،پسے ہوئے طبقے کو چھت کی فراہمی وزیراعظم کا پختہ عزم ہے۔انہوں نے کہاکہ کیپٹل سمارٹ سٹی منصوبے سے ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا،گھروں کے منصوبے سے متعلقہ 40صنعتوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں آئندہ 10سال میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی،امید ہے اوورسیز پاکستانی ملک کو بدلنے میں اپنا کردار مزید بڑھائیں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ منصوبے میں مقامی ہنر مند افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے،ہنر مند پاکستان پروگرام میں مدرسوں کے بچوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وعدہ ہے کہ ایک ابھرتا ہوا اور روشن پاکستان دنیا کو دکھانا ہے،اوورسیز پاکستانی ملکی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدام کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ضمانت پر رہا ہوئے ہیں ابھی بیگناہی ثابت نہیں ہوئی،رانا ثناء اللہ کا کیس عدالت میں جاری ہے، عوام کو گمراہ نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اپنی ناراضگی اور غصہ اپنی قیادت پر نکالیں،لیگی قیادت نے اپنے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا اس کے ذمہ دار ہم نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نظام میں تبدیلی کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں،تحریک انصاف کا منشور دو نہیں ایک پاکستان ہے۔
انہوں نے کہاکہ قانون و انصاف کے نظام میں موجود کمزوریوں سے طاقتور طبقہ فائدہ اٹھاتا ہے،وزیراعظم کا قوم سے وعدہ ہے کہ بوسیدہ نظام کو تبدیل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ احتساب کے بغیر معاشرہ جنگل کا قانون بن جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ احتساب کا عمل سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے اور احتساب ہوتا نظر بھی آناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نواز شریف کی درخواست پر قانو ن کے مطابق فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس لندن کی فضاؤں میں بہتر ہو گئے ہیں،امید ہے لیگی ترجمان جلد نواز شریف کی صحت سے متعلق آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ حق داروں کا حق لوٹنے والوں کا حساب ضرور ہو گا۔انہوں نے کہاکہ مٹھی بھر دہشت گرد جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔