تہران (این این آئی)ایران میں یوکرین کے مسافر طیارے کو مبینہ طور پر میزائل سے نشانہ بنائے جانے کی نئی ویڈیو سامنے آگئی۔غیر ملکی میڈیا پر چلنے والی اس ویڈیو کو گزشتہ روز ایران میں تباہ ہونے والے یوکرینی مسافر طیارے کی ویڈیو بتایا جارہا ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رات کے
اوقات میں آسمان پر تیز روشنی کے ساتھ ایک میزائل نما ہتھیار نمودار ہوا اور فضا میں ہی ٹکرایا جس سے آگ کے شعلے بلند ہوئے اور دھماکے کی آواز سنائی دی۔ ویڈیو میں طیارے کو جس جگہ نشانہ بنایا گیا یہ وہی مقام ہے جہاں طیارے کے ٹرانسمیشن سگنل معطل ہوئے۔ طیارہ پرواز کے بعد واپس ائیرپورٹ کی طرف مڑنے سے پہلے کچھ منٹ سے پرواز کرتا رہا جس کے بعد اس میں آگ لگی اور یہ تباہ ہوگیا۔برطانیہ کی ایک آزاد ریسرچ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا کہ جیولوکیشن ٹیکنالوجی اور دیگر ٹیکنیکس سے یہ ویڈیو ایرانی علاقے پرند سے حاصل کی گئی ہے۔جب کہ امریکی اخبار اورٹی وی کی جانب سے یہ ویڈیو اپنے ذرائع سے حاصل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ۔تاہم عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھاکہ ویڈیو کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔