بغداد (این این آئی)عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع فوجی اڈے پر راکٹ حملے میں 5افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بغداد سے 50 میل شمال میں واقع بلد ائیربیس پر دو راکٹ فائر کیے گئے۔رپورٹس کے مطابق اس ائیربیس میں امریکی فوجی بھی تعینات ہیں۔حملے میں 5 افراد زخمی بتائے گئے جن میں تین عراقی فوجی شامل ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق جو راکٹ فائر کیے گئے وہ کاٹیوشا راکٹ تھے
جو پہلی بار سوویت یونین نے بنائے اور انہیں جنگ عظیم دوم میں پہلی بار بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا۔خیال رہے کہ ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل غلام علی ابو حمزہ نے اپنے بیان میں خبردار کیا تھا کہ جہاں بھی موقع ملا امریکیوں کو جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سزا دیں گے۔جنرل غلام علی ابو حمزہ نے کہا کہ خطے میں 35 کے قریب امریکی اہداف کے ساتھ ساتھ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب بھی ایران کے نشانے پر ہے۔