پٹنہ ( آن لائن )بھارتی ریاست بہار کے ضلع کیمور میں مسلح ڈاکو ٹرک ڈرائیور کو یرغمال بنا کر کئی ٹن پیاز لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق پولیس آفیسر نے بتایا کہ ٹرک اترپردیش کے علاقے الہ آباد سے جہان آباد، بہار کی طرف جارہا تھا۔ ٹرک ڈرائیور دیشراج نے
پولیس کو بتایا کہ اسے رات دس بجے کے لگ بھگ چھ مسلح افراد نے اسلحے کی نوک پر یرغمال بنایا اور کئی بوریاں پیاز کی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ٹرک ڈرائیور کے بیان کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں بہار کے کیمور ضلع کے کدرہ پولیس اسٹیشن کے علاقے میں بھی ڈکیتی کا ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب ڈاکو ایک گاڑی سے 64 بوریاں لہسن لے کر فرار ہوگئے تھے۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے لیکن پولیس نے ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں کی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت میں ان دنوں پیاز کی قلت اور اس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ دیکھنے کو آیا ہے ،گزشتہ ایک ماہ کے دوران فی کلو پیاز کی قیمت 100 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔