راولپنڈی (این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان بنانے کے لیے قائداعظم کا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے، بابائے قوم نے دو قومی نظریے پربنایا، آج دوقومی نظریے کا سب اعتراف کر رہے ہیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 144ویں یوم پیدائش کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزار قائد پر حاضری دی۔پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ قائداعظم کا ویژن ملک کوآگے لے جانے کے لیے ہماری رہنمائی کرتا رہے گا جب کہ مشکل ترین دور
کے باوجود پاکستان کی تمام اقلیتیں متحد ہیں، انتہائی مشکل حالات میں بھی ہر پاکستانی متحد رہا، اقلیتوں نے بھی بلا تفریق مشکلات میں ساتھ دیا۔انہوں نے کہاکہ دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان کی تخلیق کا ویژن تسلیم شدہ حقیقت ہے، قائداعظم نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان بنایا، پاکستان بنانے کے لیے قائداعظم کا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہیں، قائد کے اتحاد،ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو آگے لے جائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے اس پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبندکئے۔