لاہور(این این آئی)پاکستان انٹرپرنیورزفورم کے سیکرٹری اطلاعات زاہد بخاری نے رواں مالی سال کے دوران ملک کے تجارتی خسارہ میں 33فیصد کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی خسارے میں 33فیصد کمی،درآمدات میں کمی،برآمدات میں اضافہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے دوبڑے خساروں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور تجارتی خسارہ پر قابو پانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان کو کرنٹ اکاؤنٹ اور مالیاتی خسارہ جیسے دو اہم مسائل سے سامنا رہا،ماہانہ 2ارب ڈالر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی بھی نہیں ہوا تھا۔2014سے2017کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا موجودہ حکومت کی انتہائی کامیاب پالیسی سے ماہانہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہونے کے قریب آگیا ہے جو موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مستحکم اور مضبوط معاشی پالیسیوں کے باعث تجارتی خسارہ میں کمی سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور حکومت کو مزید قرضوں سے نجات ملے گی۔ زاہد بخار ی نے کہاکہ درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے سے تجارتی خسارے میں 33فیصد کمی سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔رواں مالی سال میں بیرونی تجارت پر قابو پانے اور باہر سے سرمایہ کاری میں اضافہ سے صنعتی شعبہ کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں جس سے صنعتی شعبہ میں ملازمتوں میں اضافہ سے بے روزگاری میں کمی ہوگی۔