اسلام آباد ( آن لائن )رواں مالی سال کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر 2019 850 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی ہے جبکہ
گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر 2018 ایف ڈی آئی کی مد میں 477.3 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ملک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 372.7 ملین ڈالر یعنی 78 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی شرح میں نمایاں اضافہ کے ساتھ ساتھ بیرون ملک منتقل کئے گئے منافع جات میں بھی اضافہ ہوا اور گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے 326 ملین ڈالر کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں 1.176 ارب ڈالر کی منتقل کی گئی ہے۔اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ ایف ڈی آئی میں ہونے والا اضافہ قومی معیشت کے لئے مثبت ہے جبکہ اس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دبائو میں بھی کمی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو سال سے ادائیگیوں کے توازن کے مسائل کا شکار رہا ہے اس لئے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت تھی جس سے مالیاتی خسارہ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔