حافظ آباد(این این آئی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھٹو کا نام لے کرسیاست کرنے والے عوامی مسائل سے آگاہ نہیں، سندھ میں اگر بھٹو زندہ ہے تو غریب مر چکا ہے،بھٹو کو زندہ رکھنے کا دعویٰ کرنے والے لاڑکانہ اور تھر میں عوام کی بے بسی دیکھیں، اربوں کھربوں کی کرپشن والے شہباز شریف کیلئے ڈھیلے اور دمڑی کی بات مناسب نہیں،
اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے۔ اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ صحافت کا فروغ اور صحافیوں کے مسائل کا حل ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ انصاف کی فراہمی یقینی بنانا تحریک انصاف کا منشور ہے، حافظ آباد کی ترقی میں رکن قومی اسمبلی شوکت علی بھٹی کے خاندان کا اہم کردار ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ اقتدار سے محرومی کا درد کو عوام کا درد بنا کر پیش کر رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ ایسے عناصر کواقتدار سے باہر ہونے پر عوامی درد نظر آتا ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ اپنی خواہشات کو عوام کا نام دے کر اقتدار سے محرومی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھٹو کا نام لے کرسیاست کرنے والے عوامی مسائل سے آگاہ نہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ سندھ میں اگر بھٹو زندہ ہے تو غریب مر چکا ہے،بھٹو کو زندہ رکھنے کا دعویٰ کرنے والے لاڑکانہ اور تھر میں عوام کی بے بسی دیکھیں۔ انہوں نے کہاکہ نابالغ سیاستدان کو اپنی جماعت میں کٹھ پتلیاں نظر نہیں آتیں،سندھ کا وزیراعلیٰ اصل کٹھ پتلی ہے۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہاکہ عوام اصل امپائر ہیں جنہوں نے لاڑکانہ انتخاب میں اپنا فیصلہ سنایا۔ انہوں نے کہاکہ چار سال بعد یہی عوام ووٹ کی طاقت سے عمران خان کو دوبارہ منتخب کریں گے،وفاق کی زنجیر سمجھے جانے والی جماعت چند اضلاع تک محدود ہو گئی ہے۔
معاون خصوصی نے کہاکہ پورا سندھ موہنجوداڑو کا نقشہ پیش کر رہا ہے،نا اہل صوبائی حکومت کے باعث کراچی شہر کچرا کنڈی میں بدل چکا ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔معاون خصوصی نے کہاکہ ایک خاندان بیماری کے نام پر ضمانت لیکر باہر چلا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بیمار کے ساتھ سہولت کار بھی ملک سے چلا گیا ہے،سہولت کار کا اسمبلی میں چیمبر ان کا منتظر ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ سابقہ دور میں کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا۔
انہوکں نے کہاکہ اربوں کھربوں کی کرپشن والے شہباز شریف کیلئے ڈھیلے اور دمڑی کی بات مناسب نہیں۔ انہوکں نے کہاکہ شہباز شریف اور ان کا خاندان ملک آ کر عدالتوں کا سامنا کرے۔معاون خصوصی نے کہاکہ ملک میں مہنگائی ہے، لیکن ماضی کی کرپشن اس کی ذمہ دار ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ قرضے لے لے کر ملکی معیشت کوکھوکھلا کردیا گیا، وزیراعظم عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور انکی مشکلات کے ازالے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زرعی شعبے کی ترقی کیلئے کاشتکاروں کو مراعات دی جارہی ہیں، سستی کھاد اور بیج کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ذاتی کوششوں سے سی پیک میں پہلی مرتبہ زرعی شعبہ شامل کیا گیا ہے،ملکی ترقی کیلئے زرعی انقلاب ناگزیر ہے۔معاون خصوصی اطلاعات نے حافظ آباد پریس کلب کیلئے 10 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔