اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں 90 فیصد پانی زرعی شعبہ استعمال کرتا ہے جبکہ صنعتی شعبہ 7 فیصد اور گھریلو استعمال کے لئے 3 فیصد پانی استعمال کیا جاتا ہے۔ آبی وسائل کے ماہرین نے کہا ہے کہ ملک میں آبی و سائل کی ترقی اور بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پانی کے
ضیاع پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 50 ملین افراد کو پینے کے صاف پانی تک رسائی نہیں ہے۔جس کے نتیجہ میں وطن عزیز میں ہونے والی سالانہ اموات میں سے 40 فیصد اموات آلودہ پانی کے استعمال سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران سالانہ اربوں ڈالر مالیت کا پانی ضائع ہو جاتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ پانی کے ذخیروں میں اضافہ کے لئے نئے ڈیمز تعمیر کئے جائیں جن کی مد دسے نہ صرف زرعی صنعتی اور گھریلو مقاصد کے لئے پانی دستیاب ہوگا بلکہ سستی بجلی بھی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبہ میں پانی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔