پشاور(این این آئی) چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے کہا ہے کہ ہم نے کوئی جرم نہیں کیا، سول معاملات پر تصفیہ ہوا ہے، سپریم کورٹ سے ہمارا سمجھوتہ ہے اور ہم پیسے دینے کا وعدہ نبھائیں گے۔پشاور میں بحریہ ٹاؤن کے دفتر کا افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک ریاض نے کہا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے ایک سال انکوائری کی، این سی اے کہتی ہم نے کوئی جرم نہیں کیا، سول معاملات پر تصفیہ ہواہے، ہمارا پاکستان کی
حکومت کے ساتھ کوئی معاملہ نہیں۔چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے کہا کہ ان کی اولاد اوورسیز پاکستانی اور برطانوی شہری ہے، سپریم کورٹ سے ہمارا سمجھوتہ ہے کہ یہ پیسہ پاکستان کو دینا ہے ہم اپنا وعدہ نبھائیں گے،خواہ ہمیں گھر بھی بیچنا پڑے ہم پیسہ دیں گے۔ملک ریاض نے کہا کہ پیسہ پاکستان آنا چاہیے اور ان کی طرح اورلوگوں کو بھی پیسہ پاکستان لانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے شہریوں کو بھی تعلیم، ہسپتال اور اعلیٰ رہائش فراہم کریں گے۔