لاہور(این این آئی)وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے صحت کے شعبہ میں خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے جس کی وجہ سے نئی اصلاحات لائی جا رہی ہیں،نرسنگ کیلئے 3سال کے کورس کی بجائے بیچلرزڈگری پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کی ذمہ داری لی ہے، 50لاکھ لوگوں کو آمدن فراہم کر رہے ہیں اورہمارا ہدف ڈیڑھ کروڑ افراد کو آمدن فراہم کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری، یونیورسٹی آف لاہور میں منعقدہ تیسری عالمی طبی تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ملائیشیاء، دمام اور مصر سے تعلق رکھنے والے طبی ماہرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئر پرسن ریکٹر یو نیورسٹی آف لاہورپروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود ملک چیئرپرسن سائینٹفیک کمیٹی، پروفیسر ڈاکٹر ریحان احمد خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ ہمارے طبی سسٹم میں ایک خلاہے، پہلی بار ہوا ہے کہ حکومت کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ملکی سطح پر طبی پالیسی کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے،طبی اصلاحی ایجنڈا کا ایک اہم پہلوہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی اس حقیقت پر غور نہیں کیا کہ یہاں نرسز، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کی کس تعداد میں ضرورت ہے،نرسز کی تعداد نسبتاً دوسرے ممالک سے سے کم ہے، وہاں ایک ڈاکٹر کے ساتھ چار نرسیں جبکہ یہاں چار ڈاکٹرز کے ساتھ ایک نرس کام کرتی ہے، ہمیں نرسنگ کے پروفیشن کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے،،نئی اصلاحات لائی جا رہی ہیں،نرسنگ کیلئے 3سال کے کورس کی بجائے بیچلرز ڈگری پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ پلانے والی ماں اور 50 فیصد حاملہ خواتین آئرن کی کمی کا شکار ہیں،40فیصد بچوں کا گرو تھ ریٹ کم ہے،شعبہ صحت میں عوام کیلئے فوری اصلاحاتی اقدامات کی ضرورت ہے اس کے لئے تمام طبی اداروں کی مدد درکار ہے،ہم لیڈی ہیلتھ ورکرز کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے۔