پشاور(این این آئی)کیپٹل سٹی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، گرفتار خاتون پارئما کارڈ لگے بارودی مواد کو لاہور منتقل کرنا چاہتی تھیں، گرفتار ملزمہ کی نشاندہی پر اس کے مزید چار ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے،
گرفتار ملزمان نے پشاورمیں سکیورٹی ہائی الرٹ ہونے کی بناء پر اپنے مقصد میں ناکامی پر بارودی مواد کو لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جس کو پشاور پولیس نے بروقت کارروائی کے دوران ناکام بنا دیا، برآمد ہونے والے پرائما کارڈ لگے بارودی مواد کو بی ڈی یو کے ذریعے ناکارہ بنایا گیا، گرفتارملزمان کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان سے ہے جن کو مزید تفتیش کے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران کارروائی کرتے ہوئے تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود جنرل بس سٹینڈ کے قریب ایک مشکوک خاتون کو روک کر تلاشی لینے پر اس کے قبضہ سے بارودی مواد برآمد کر لیا، گرفتار خاتون نے ابتدائی تفتیش کے دوران برآمد کیا گیا مواد لاہور لیجانے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے شریک ساتھیوں کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کئے جس پر ایس پی سٹی محمد شعیب کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے خاتون کے چار ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا،تمام گرفتارملزمان کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان سے ہے جنہوں نے تفتیش کے دوران بارودی مواد کے ذریعے پشاور میں فول پروف سکیورٹی کی بنا پر کسی قسم کی تخریب کاری میں ناکامی پر بارودی مواد کے ذریعے لاہور میں کسی عوامی جگہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، گرفتار ملزمان سے مختلف زاویوں پر تفتیش جاری ہے۔