راولپنڈی (این این آئی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشنل کامیابیوں کیلئے فورسز کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو مصحف ائیر بیس سرگودھا کا دورہ کیا جہاں چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کا استقبال کیا۔مصحف ائیر بیس کے دورے کے موقع پر آرمی چیف کو ایک سکواڈرن لے جایا گیا جہاں وہ لڑاکا طیارے ایف 16 میں بیٹھے جبکہ ائیر چیف مارشل خود جہاز اڑانے کیلئے دوسرے ایف 16 میں موجود تھے، پھر دونوں طیاروں نے فرضی جنگی کارروائی کے مشن میں حصہ لیا۔مشن کے بعد آرمی چیف نے سکواڈرن کے لڑاکا طیاروں کے پائلٹ سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان ائیر فورس کی لگن اور پروفیشنلزم کی تعریف کی اور قوم کیلئے ان کی بے مثال خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔آرمی چیف نے ائیر چیف مارشل کی قائدانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا اور فورسز کے درمیان ہم آہنگی اور مطابقت کو کامیاب آپریشنز کیلئے ضروری قرار دیا۔ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورے پر شکریہ ا دا کیا۔ اس موقع پردونوں سربراہان کی جانب سے فورسز کے درمیان آپریشنز اور تربیتی امور میں رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔