گلگت ( اے پی پی) تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صدر جسٹس ریٹائرڈ سید جعفر شاہ نے کہاہے کہ آئند الیکشن میں جیتنے کے اہلیت رکھنے والے اور متحرک کارکنوں کو ٹکٹ دیں گے، کارکنوں کوالیکشن کیلئے ابھی سے تیار ی کرنی چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان دور اندیش اور مخلص لیڈر ہیں جو پاکستان کو مستقبل میں مضبوط،مستحکم و فلاحی ریاست بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحریک انصاف کے رہنماء ظفر اقبال بلتی کی طرف سے علی پور اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید جعفر شاہ نے کہا کہ پارٹی میں ہرکام میرٹ پرہوگا، ظفر بلتی اور پوری ٹیم کی کوششوں و محنت کو سراہتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کردار وقت کی اہم ضرورت ہے نوجوان اپنی ذمہ داری نبھائیں اور گلگت بلتستان کے 2020ء کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کو کامیاب کرانے کے لئے کوششیں تیزکی جائیں۔ظفربلتی نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم گلگت بلتستان کمیونٹی کے مسائل اورکارکنوں کی پارٹی کی مضبوطی کے لئے کی جانے والی جدوجہد پرصوبائی صدر کوتفصیل سے بریفنگ دی اورمستقبل میںبھی ہرلحاظ سے پارٹی کاساتھ دینے اورپارٹی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کااعلان کیا۔